چاند روشن جمکتا ستارہ رہے
ممتازملک ۔ پیرس
21جون 2015 بروز اتوار ' آج پیرس میں ہونے والے جہازوں کی عالمی نمائش کا آخری دن تھا ۔ ہم سب کافی دنوں سے پرجوش تھے اس میں شرکت کرنے کے لیئے ۔ کام کے دنوں کے باعث ہم اتوار کو ہی جا سکتے تھے .اتنے لمبے دنوں کے روذے رکھے پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد یہ نمائش دیکھنے یہاں آتی رہی اور آج بھی موجود تھی .(یاد رہے کہ فرانس میں آج کل روزے کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے ہے .فجر 4 بجے تا مغرب 10 بجے ) یہ وہ قابل فخر ہفتہ تھا جس میں تمام یورپی اورعرب ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے میڈیا نے پہلی بار پاکستان کو دہشت گرد کے علاوہ بھی کچھ اور کہہ کر پکارا اور دکھایا ۔ ہمارے پہلے میڈ ان پاکستان جنگی جہاز " جے ایف تھنڈر 17 "کے ہی چرچے نہیں ہوئے بلکہ اس کے مشاق ہوابازوں کے بہترین اڑان اور ہواؤں سے فضاؤں سے کھیلنے کے فن کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ یہ پورا ہفتہ ہم تمام پاکستانیوں کے سر بھی فخر سے بلند رہے اور آنکھوں میں رب کائینات کے حضور شکر گزاری کی نمی بھی رہی ۔ پیرس میں اس سے پہلے اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی کبھی بھی ٹکٹ خرید کر کسی نمائش میں نہیں گئے ہوں گے جتنے اس نمائش کے لیئے آئے ۔ پہلے دن سے آخری دن تک پاکستانیوں کی آمد نے انتطامیہ کو حیران کیئے رکھا ۔ آخری دن ہی نہیں بلکہ آخری منٹ تک یا یہ کہنا بیجا نہ ہو گا کہ" تمبو قناتیں" سمیٹنے تک بڑی تعداد میں عوام خاص طور پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد وہاں موجود رہی ۔ نمائش کے مین داخلی گیٹ سے اندر داخل ہونے کے بعد نظریں سب سے پہلے پاکستانی سبز ہلالی پرچم کو تلاش کرنے لگیں ۔ ہمیں کہیں بھی پاکستانی پرچم نظر نہیں آیا اس کے لیئے ہم نے دائیں جانب کے تمام ائیر سٹالز چھان مارے پھر بائیں جانب ڈھونڈتے ڈھونتے ہمیں پرچموں کی قطار میں اپنا پاکستانی پرچم بھی لہراتا ہوا دکھائی دے ہی گیا ۔ مت پوچھیں کہ کتنی خوشی ہوئی ۔ اسی پرچم کے آگے تک پہنچتے ہوئے بس خوشی ہی خوشی تھی اور فخر ہی فخر تھا ہمارے چاک و چوبند فضائیہ کے ہر دلعزیز بلکہ یہاں ہیرو جیسی شہرت حاصل کرنے والے پائیلٹس مستعد کھڑے عوام کو بریف کر رہے تھے تو ٹیکنیکل سٹاف بھی بڑے جوش و خروش سے ہر ایک کے سوالوں کا جواب دے رہا تھا ۔ ہر ایک کے ساتھ تصاویر بنوا رہا تھا ۔ نمائش میں ان کی کامیاب شرکت پر مبارکباد اور شاباشی وصول کر رہا تھا ۔ جو بلا شبہ ان کا حق بھی تھی ۔ پاکستانی ہوابازوں نے یہاں بھی دنیا بھر کے لوگوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھائی ۔ تمام دنیا کے میڈیا نے ان کی کارکردگی کو دنیا کے بہترین پائلٹس کہہ کر تسلیم کیا ۔ یہاں کے میڈیا میں سارا ہفتہ پاکستانی جہاں جے ایف تھنڈر17 کی تعریف و توصیف کی جاتی رہی ۔ خدا کرے کہ پاکستانی حکومتیں اس بات کا احساس کریں کہ بیرون ملک پاکستان اور پاکستانیہ تشخص کے لیئے ایسی نمائشوں میں شرکت کرنا اور اپنی بنائی ہوئی مصنوعات کو ہر حال میں بہترین کے درجے پر رکھنا ، اس کی آبرو میں اضافے کا سبب بنتا ہے اور ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا مورال بھی بلند کرنے کی وجہ بنتا ہے ۔ اسے ہر قیمت پر قائم رہنا چاہیئے اور پاکستانی ٹیلنٹ اور مصنوعات کو دنیا کے ہر پلیٹ فارم سے پیش کیا جانا چاہیئے ۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ پاکستان دنیا کے ہر اچھے مقابلے میں اسی طرح اول آتا رہے ۔ یہ پرچم یونہی لہراتا رہے اور اس کا چاند ستارہ ساری دنیا کو اپنی آب و تاب دکھاتا رہے ۔ آمین ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں