ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

بدھ، 25 جولائی، 2018

اب اس ملک پر رحم کیجئیے..




اب اس ملک پر رحم کیجیئے..
ممتازملک.پیرس


لیجیئے اللہ اللہ کر کے پاکستان اس بار پھر الیکشن کی مہم سے نبرد آزما ہو ہی  گیا.  ساری قوم نے بڑے بھرپور انداز میں اس بار اپنا حق رائے دہی (ووٹ)  استعمال کیا.  جس سے محسوس ہوا کہ پاکستان بدل رہا ہے.  لوگ قطار میں کھڑا ہونا سیکھ رہے ہیں. لوگ اپنی باری کا انتظار کرنا سیکھ رہے ہیں . اب تمیز سے بات کرنا بھی سیکھ جائینگے انشاءاللہ. اس لیئے اس الیکشن میں جو بھی گیم کھیلا گیا ہو,کوئی بھی خلائی مخلوق اپنا کام دکھا رہی ہو . لیکن اسے اب ملک میں انارکی کا باعث بالکل نہیں ہونا چاہیئے .پہلے ہی اس الیکشن میں کے پی کے اور بلوچستان اور کراچی کے عوام نے  خوف کے عفریت کو شکست دی ہے.  اور سینکڑوں جانوں کی قربانی پیش کی ہے اسے کسی قیمت پر ضائع نہیں ہونا چاہیئے .  پوری قوم ان شہداء کے خون کا قرض ادا نہیں کر سکتی اور انکے لواحقین کی دلجوئی کرنا,ان کے بچوں کی تعلیم و پرورش اور ان خاندانوں کی کفالت اب حکومت پاکستان کا اولین فریضہ ہے . اس لیئے اب ملک کو آگے بڑھنے دینا چاہیئے. 
  سبھی پارٹیز کو اب خوشی خوشی تحریک انصاف کو حکومت بنانے میں مدد کرنا چاہیئے.  اگر کوئی جماعت اقتدار میں آنے کے لیئے اسقدر بیقرار ہو کہ اس کےِ لیئے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کو تیار ہے . تو یقیناً  وہ پاکستان کی خدمت کرنے کو بھی اسی قدر بے چین ہو گی . اس لحاظ سے سبھی  پارٹیز کو خوشی ہونی چاہئے کہ
#پاکستان بھر سے  وی آئی پی کلچر اور پروٹوکول کا خاتمہ ہو جائیگا.
# پاکستانیوں کو پانچ سال میں ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی.
# پچاس لاکھ گھر ملیں گے.
# مہنگائی کا خاتمہ ہو جائیگا.
#سمندر کے پانی کو میٹھا بنا دیا جائیگا.
#لوٹی ہوئی دولت واپس آ جائے گی.
#ڈیمز کی تعمیر  سے پاکستان ریگستان بننے سے بچ جائے گا. 
#بجلی سستی اور وافر ہو جائیگی.
#سارے پاکستان اور خصوصاً کراچی سے کچرے کا نام و نشان مٹا دیا جائیگا.
#ہر طرح کا علاج معالجہ مفت ہو جائیگا.
# ہر بچہ اسکول جائیگا.
# پرائیویٹ سکولوں سے جان چھوٹ جائیگی.  اب جنرل اور مزدور کا بچہ ایک ہی سرکاری سکول میں پڑھے گا.
# تعلیم سب کے لیئے مفت ہوجائیگی.
#ہر گلی میں درختوں کی قطاریں ہوں گی.
#ہر ریپسٹ کو سر عام پھانسی دی جائے گی.
#پولیس کی بدمعاشی کے بجائے پولیس ہماری ملازم ہو گی. 
#دنیا بھر سے لوگ پاکستان میں نوکری کرنے آئینگے.
#ہمارا پاسپورٹ دنیا کا سب سے معزز پاسپورٹ  بن جائے گا..
ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر ہو جائیں گے. 
سب سے بڑھ کر  مسئلہ کشمیر حل ہو جائے گا....
انشاءاللہ
اتنے سارے خواب تحریک انصاف کے منشور کی چھاؤں میں پورے ہو رہے ہیں.  تو ہمیں پاکستان کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے .سبھی پارٹیز کو اتنے زبردست کامیابی پیکج سے عوام کو محروم کرنے کا کوئی حق نہیں ہے. 
ان سب نے جو جو تیر چلانے تھے چلا چکے. تیس تیس چالیس چالیس سال تک یہ لوگ ملک سے اس درجہ امیر و کبیر ہو چکے ہیں کہ اب پاکستان ان کا مقروض ہو چکا ہے. لہذا اس غریب پاکستان پر خدارا رحم فرمائیے.  اور اس یوتھ جس نے زندگی میں پہلی بار اپنا ووٹ استعمال کر کے اس ملک کی قسمت بدلنے کی کوشش اور خواہش کی ہے.  اس کے ارمانوں پر پانی مت پھیریئے.   گزشتہ تمام جماعتوں کو اگر اس ملک سے رتّی بھر بھی ہمدردی ہے تو تحریک انصاف کو ملک بھر میں حکومت بنانے دیں . مکمل اختیارات کے ساتھ . آگے بڑھ کر ایک اچھی روایت قائم کیجیئے. اعلی ظرفی کیساتھ جو کچھ  آپ کرنے کے قابل نہیں تھے.  وہ دوسروں کو کرنے کا موقع دیجیئے. یہ ملک سابقہ لیڈران کی خدمات کا بوجھ اب مذید نہیں اٹھا سکتا.  اس ملک سے آپکو رتّی بھر بھی ہمدردی ہے تو اس کی عزت کے دریدہ دامن کو سِل جانے دیجیئے. اس دھرتی کے آنچل کو سنبھل جانے دیجیئے.  اگر آپ نے اس کے یہ سارے خواب پورے کر دیئے تو یقین مانیئے پاکستان تاقیامت آپ کا نام سنہری حروف میں لکھے گا. کیونکہ اب تو ہر دل سے یہ ہی آواز سنائی دیتی ہے کہ
💔اداس لوگوں سے پیار کرنا کوئی تو سیکھے
سفید لمحوں میں رنگ بھرنا کوئی تو سیکھے
💔کوئی تو آئے خزاں میں پتّے اُگانے والا
گُلوں کی خُوشبو کو قید کرنا کوئی تو سیکھے
💔کوئی دِکھائے محبتوں کے سراب مجھ کو
میری نگاہوں سے بات کرنا کوئی تو سیکھے
💔کوئی تو آئے نئی رُتوں کا پیام لے کر
اندھیری راتوں میں چاند بننا کوئی تو سیکھے
💔کوئی پیامبر، کوئی امامِ زماں ہی آئے
اسیر ذہنوں میں سوچ بھرنا کوئی تو سیکھے
(نیلما ناہید درانی)
اللہ پاک پاکستان کی حفاظت فرمائے.  آمین
                       ..........

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/