اس دور کا ہر آدمی ضرب المثال ہے
مصرعہ طرح: اختر امام انجم۔ انڈیا
کلام:
ممتازملک
خیرہ کرے نگاہ کو ایسا جمال ہے
یہ جانتے ہوئے بھی جو اٹھے سوال ہے
جسکے لیئے ہمارا لہو بھی حرام ہے
واللہ اس کے واسطے ہر شے حلال ہے
کچھ سوچتے ہیں راستے بھی کھوجتے ہیں پر
کھل کر بتائیں آپ بھی کیسا خیال ہے
وہ واردات کرتا ہے لیکن کچھ اس طرح
ہمدرد بن کے پھینکتا لفظوں کا جال ہے
جو وقت اس کے ساتھ بتایا زیاں کیا
اپنے اسی زیاں پہ مجھے تو ملال ہے
پوچھا جو حال مدتوں کے بعد کہہ گیا
زندہ ہوں یار یہ کوئی چھوٹا کمال ہے
حالات سازگار ہوں تو روپ اور ہے
مجبوریوں کی تال پہ آتا جلال ہے
اچھے برے کو چھوڑیئے بس غور کیجیئے
اس دور کا ہر آدمی ضرب المثال ہے
ممتاز ہونا بھی کوئی آسان کام ہے
اتنی نگاہوں بیچ تو جینا محال ہے
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں