ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

منگل، 15 اگست، 2023

رپورٹ ۔ فرانس میں 14 اگست کی تقریب

اس سال بھی فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد روایتی جوش و خروش کیساتھ کیا گیا لیکن اس بار پاکستانی کمیونٹی کی سفارخانے کی تقریبات میں شرکت نے خوشگوار ریکارڈ قائم کیئے ۔
اس کی وجہ فرانس میں تعینات نئے سفیر پاکستان جناب عاصم افتخار احمد صاحب کی ملنسار حلیم طبع  اور دھیمی باوقار شخصیت ہے جو پہلی ملاقات میں ہی ہر ایک کو اپنے دل سے قریب محسوس ہوتی ہے۔ اسی سبب  سفارت خانے کے ہال میں تل دھرنے کی جگہ نہ بچی مرد و زن اور بچوں نے بھرپور انداز میں اس تقریب میں حصہ لیا ۔
پروگرام کا اغاز مقررہ وقت پر صبح دس بجے کر دیا گیا۔ فرانس میں چھٹی کا دن نہ ہونے کے باوجود پاکستانیوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت نے پروگرام کو یادگار بنا دیا۔ سب سے پہلے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا سفیر پاکستان جناب عاصم افتخار احمد صاحب نے قومی ترانے کی گونج میں پرچم لہرایا۔
صدر و وزیراعظم پاکستان کے قوم کے نام پیغامات پڑھکر سنائے گئے۔ لیکن انگریزی زبان میں ان پیغامات کا سنایا جانا کیا مقصد رکھتا ہے ۔ کیونکہ انگریزی نہ تو فرانس کی قومی زبان ہے نہ پاکستان کی ۔ اس بات کا افسوس ہوا ۔ کہ یہ پیغامات جس ملک میں کوئی پروگرام ہو اس ملک کی زبان میں اور آسان اردو زبان میں ہونا چاہیئے ۔ تاکہ اسے سنانے کا مقصد ہمارے لوگوں تک پہنچ سکے۔ امید ہے اگلے کسی بھی پروگرام میں سفارتخانہ پاکستان اس بات کا خیال رکھے گا۔ بچوں نے ملی نغموں پر ٹیبلوز اور تقاریر پیش کیں۔  گلوکار ریاض جاوید نے ملی نغمے سنا کر حاضرین سے داد سمیٹی۔ پریس کونسلر دانیال عزیز صاحب اپنی مدت ملازمت کامیابی کیساتھ مکمل کر کے اپنی ذمہداریاں محترمہ سجیلہ نوید صاحبہ کو سونپ چکے ہیں ۔ جن کی کمیونٹی سے اس پروگرام میں پہلی باقاعدہ ملاقات بھی ہوئی۔ان سے ہم سب اچھی امیدیں وابستہ کر سکتے ہیں کہ وہ ایک ملنسار اور ہمدرد ذہین خاتون ہیں ۔ 
سبھی تعریفی خط وصول کرنے والے ادبی دوستوں کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ۔ الحمدللہ ہم تمام ادبی تنظیمات نے شاز ملک صاحبہ کی قیادت میں جو تیرہ نکات کی ایک درخواست پیش کی تھی اس پر دانیال عزیز صاحب اور احسان کریم صاحب کی ذاتی کوششوں سے ہمارا تیسرا نقطہ منظور ہوا اور فرانس کی تاریخ میں پہلی بار ہماری ادبی خدمات کو تسلیم کیا گیا۔ عزت دی گئی اور اس پر تعریفی خطوط دیئے گئے ۔ شاز ملک صاحبہ کی ذاتی کوشش بھی لائق تحسین رہی ۔ ابھی بہت سا کام اس حوالے سے مزید ہونا ہے اور ان شاءاللہ ہم سب اس میں اپنی حیثیت کے مطابق کردار ادا کرینگے۔ پاک ایمبیسی کے منتظمین کا اور سفیر پاکستان جناب عاصم افتخار احمد صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام بھی وقت مقررہ پر بارہ بجے کیا گیا ۔۔اس کے بعد مہمانوں کی تواضع گرما گرم حلوہ پوری نان چنے اور چکن تکہ اور چائے کافی سے کی گئی۔ یہ یادگار تقریب پاکستان کی سلامتی اور کامیابی کی دعاؤں پر اختتام پذیر ہوئی۔
پاکستان زندہ باد 🇵🇰💚
رپورٹ:ممتازملک.پیرس

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/