ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

بدھ، 24 جولائی، 2019

سوچیئے زرا دور تک /کالم


          سوچیئے زرا دور تک
                     (تحریر:ممتازملک۔پیرس)

ے
دنیا کے حسین ممالک کا نام لیا جائے تو بلا شبہ پاکستان کا شمار ان ابتدائی ایک درجن ممالک میں کیا جا سکتا ہے  جنہیں پروردگار نے بہترین لینڈ سکیپ سے نواز  رکھا ہے ۔ کھلے میدان ہوں یا چٹیل پہاڑ ، ریگزار ہوں یا گلزار وادیاں ، دریا ہوں یا سمندر، برف پوش وادیاں ہوں یا نمکین اور خزانوں سے پر پہاڑ ۔ موسم دیکھیں تو کونسا موسم ہے جو قدرت نے اس حسین ملک کو عطا نہیں کر رکھا ۔ لوگوں کو دیکھیں تو بلا کی خوبصورتی اور ذہانت سے مالامال قوم ۔ پھر بھی ہم کرپشن میں، جھوٹ میں ، منافقت میں ،جرائم میں کیوں گنے جاتے ہیں ۔ ہمیں اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ ہم اپنی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں ۔ ہمارا آئیڈیل مذہب میں ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارکہ ہے کہ جس کی کسی بھی میدان میں اس سے اچھی مثال موجود ہی نہیں ہے تو ایک محنتی انسان اور رہنما کے طور پر بہترین انسان کی صورت محمد علی جناح قائد اعظم کی صورت ہمارے سامنے ہے جن کی وفات کو بھی ستر برس سے زائد گزر چکے ہیں لیکن آج بھی ان کے مخالفین ان کے کردار و گفتار میں کبھی کوئی غلطی نہ نکال سکے ۔ پھر کیا وجہ ہے کہ ہم نے اپنی اچھی مثالوں کو چھوڑ کر بری عادتوں کو  اپنی زندگی  میں شامل کر لیا ہے ؟ 
محض چھوٹے چھوٹے وقتی مفادات کی خاطر ہم اپنے اعتبار اور ایمان دونوں کو کرچی کرچی کروا لیتے ہیں ۔ کہیں بھی جائیں اور وہاں سے گندگی چھوڑے بنا واپس آنا ہمیں مشکل لگتا ہے ۔ ہر ایک کو ہماری چھوڑی ہوئی گندگی ہی سے کیوں یہ یاد رہے کہ ہاں یہاں سے کوئی پاکستانی گزرا ہے۔ اس کے لیئے ہماری نفاست اور شائستگی بھی تو ہمارا تعارف بن سکتی ہے ۔  
ہم آہستہ اور تمیز سے بولنے ، سچ بولنے ، ہر چھوٹی سے چھوٹی بات میں  شکریہ ادا کرنے ، ہر معمولی سی بات  پر  بھی "معاف کیجیئے گا" کہنے کو اپنی عادت اور  اپنے بچوں کی گھٹی میں  ڈال لیں تو کیا ہی بات ہے ۔ ہم عورتوں کی بچوں کی عزت اور حفاظت کو خود پر اسی طرح فرض کر لیں جیسے ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور قائد اعظم کا طرز عمل تھا تو کون ہے جو ہمیں پاک ستان بننے سے روک سکے، ہم نے پاکستان  تو بہتر برس قبل ہی حاصل کر لیا تھا لیکن اسے پاک لوگوں کی سرزمین بنانے میں اور کتنے سال درکار ہیں ؟
ہمارے اس دنیا سے جانے کے وقت کیا ہم اس پاکسان سے بہتر پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہونگے جو ہمیں ہماری پیدائش پر ملا تھا ؟
پاکستان صرف نعروں سے زندہ باد نہیں ہو سکتا بلکہ اسے اپنے عمل سے زندہ باد کیجیئے۔ 
اس ملک سے پیار کیجیئے ۔ اس کی قدر کیجیئے ۔ کیونکہ بےقدروں کی دنیا میں کوئی جگہ نہیں ہوتی ۔ 
                         پاکستان زندہ باد
                      ۔۔۔۔   


  

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/