ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

اتوار، 7 جولائی، 2019

اسمبلیوں میں فیشن پریڈ ۔ کالم



   اسمبلیوں میں فیشن پریڈ 
                       (تحریر:ممتازملک.پیرس)


اسمبلی کی کاروائی کی جھلکیاں دیکھتے ہوئے بار بار یہ خیال پریشان کرتا ہے کہ
خواتین اراکین اسمبلیاں کی تیاریاں
قیمتی سے قیمتی ملبوسات ، برانڈڈ گاگلز ،  لاکھوں کے دستی بیگز اٹھائے کروڑوں کی گاڑیوں میں ملازمین  کے جھرمٹ میں چلتی ہوئی یہ خواتین کس لحاظ سے پسے ہوئے عوام اور طبقات کی نمائندہ تسلیم کی جا سکتی ہیں ؟ 
 انکی فیشن پریڈ دیکھ کر کون کہہ سکتا ہے کہ یہ ایک غریب ملک کی اسمبلیوں میں بھوکے فقرے لوگوں کا ووٹ لیکر آئی ہیں یا نامعلوم پردوں میں کسی کے سر پر سوار ہو کر نام نہاد عوام کی نمائندگی کرنے آئی ہیں ۔ ہو سکے تو پڑوسی ملک بھارت کی اس بات سے سیکھیئے جہاں بڑی سے بڑے ہیروئن بھی اگر اسمبلی میں منتخب ہو کر پہنچے تو اس نے بھی سستی ترین ساڑھیاں اور قمیض شلوار کا انتخاب کیا ۔ جہاں انہیں عورت ہوتے ہوئے  اندراگاندھی یہ سمجھا کر گئی کہ اسمبلی میں جن لوگوں کے ووٹ سے آئے ہو ان کی نمائندگی تمہارے حلیئے اور لباس سے بھی ظاہر ہونی چاہیئے ۔ تاکہ وہ تمہیں اپنے جیسا اور اپنے مسائل و خواہشات سے آگاہ تصور کریں ۔  سو وہ سستے ترین اور سادہ ترین ملبوسات میں اسمبلی میں اور عوامی مقامات پر نظر  آتی ہیں ۔ جبکہ ہماری اسمبلی یا سینٹ میں آتی خواتین کو دیکھ کر لگتا ہے یا تو یہ رشتہ لینے جا رہی ہیں یا پھر اپنا رشتہ دینے جا رہی ہیں ۔ اندر عوامی مسائل پر بحث نہیں  ہونے  جارہی بلکہ کسی فیشن شو میں انکی ماڈلنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ یا اپنی امارت اور بناو سنگھار سے دوسرے کو پچھاڑنے کی تیاری ہے ۔ یا پھر معذرت کیساتھ وہاں پر مردوں کو رجھانے کا کوئی  مقابلہ ہونے جا رہا یے ۔ 
کس قدر شرم کی بات ہے کہ جس ملک میں لوگ دو وقت کی روٹی کے محتاج ہو گئے اور اسمبلیوں میں یہ نمائندہ خواتین ایسٹ انڈیا کی میموں کی منظر کشی کر رہی ہیں ۔ 
یہ کون سے ملک سے آتی ہیں اور یہ کیا کر رہی ہیں پاکستان میں  ؟ ان کے حلیئے اور انداز نزاکت سے تو ہمیں یہ محسوس ہوتا یے جیسے ابھی تالی بجا بجا کر حکم دینگی کہ اسے مار ڈالو ،اسے اٹھا لو ، چلو ہمارے جوتے صاف کرو ، چلو ہمیں پنکھا جھلو ۔۔۔
جن خواتین کو دیکھ کر آپ کو ایسی باتیں محسوس ہوتی ہوں ان سے کسی بھی بات کی ہمدردی کی اور انسانیت کی کسی خدمت کی توقع کیسے رکھی جا سکتی ہے ۔ 
پراٹھے کھانے والے کو کیا معلوم بھوک سے انتڑیوں میں بل کیسا ہوتا ہے ؟ 
بطور پاکستانی عام انسان کے ہم سب چاہتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ہر ایک کو انصاف ملے، تحفظ ملے ، خاص طور پر عورتوں اور بچوں کے خلاف ہونے والے جرائم کا خاتمہ  ہو سکے ۔ اسی لیئے اسمبلی میں خواتین کی نمائندگی بھیجی جاتی ہے کہ جو مسائل ہمارے بھائی ، مرد حضرات نہیں سمجھ سکتے وہ یہ خواتین سمجھیں گی اور اس پر بہتر انداز میں آواز اٹھا سکیں گی ۔ اور اس پر زیادہ بہتر قانون سازی کروا سکیں گی  اور ان پر عملدرآمد ہو سکے گا ۔ لیکن افسوس ہر گزرتے دن کیساتھ  خواتین اراکین اسمبلیان کی جن  کارکردگیوں میں دن دونی اور رات چوگنی اضافہ ہوا ہے وہ ہے کرپشن ، اقربا پروری ، تکبر ،  میک اپ ، فیشن ۔۔۔
کارکردگی ان کی صفر سے بھی نیچے کوئی ہندسہ ہوتا تو وہی قرار پاتی ۔ 
جوں جوں اسمبلیوں میں فیشن کی ماری خواتین کا اضافہ ہوتا گیا توں توں ملک میں عورتوں اور بچوں کے خلاف بھیانک جرائم کہ تعداد بھی ہوشربا ہوتی چلی گئی ۔ انہیں کون بتائے گا کہ ان کا اسمبلی میں پہنچنے یا پہنچانے کا کیا مقصد ہے ۔ خدارا یوں تو سارے ملک  میں خواتین کی بے لگام بے پردگی پر لگام ڈالیئے ۔ اور ملک بھر میں خواتین  کو عموما اور اسمبلیوں میں خصوصا ایک ڈھیلا ڈھالا لبادہ جیسے جبہ یا گاون اور سر پر کوئی رومال یا سادہ دوپٹہ لیکر آنے کا پابند کیا جائے ۔ وہ اپنے گھر میں کیا پہنتی ہیں اور کیا نہیں،  یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے کیونکہ یہ کسی پر اثر انداز نہیں ہوتا ۔ لیکن جہاں یہ معاملہ کسی پر اثر انداز ہونے لگے وہاں اس پر دھیان دینا بیحد ضروری ہے کیونکہ خواتین کے پہناوے اور بناو سنگھار سے ہی کسی ملک کی اقدار  اور شرافت کا اندازہ لگایا جاتا ہے ۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں خواتین اراکین اسمبلیاں  شادی بیاہ کے اور ماڈلز کے ملبوسات زیب تن کر کے پیش نہیں ہوتی ہیں اور نہ ہی عوامی مقامات اور دفاتر میں نظر آتی ہیں ۔ ہر لباس اور ہر بناو سنگھار کا اپنا اپنا موقع اظہار ہوتا ہے ۔ وہ وہیں پر اچھے لگتے ہیں ۔ کہیں اور اسے برتیں گے تو صرف مذاق ہی کا نشانہ بنیں گے۔ اس لیئے تمام سیاسی خواتین سے خصوصی گزارش ہے کہ اپنے حلیئے اور میک اپ میں سے چھچھورپنے کی نفی کیجیئے ۔ باوقار انداز میں اپنے کام کے مقامات پر پہنچیئے تاکہ دیکھے والے مرد بھی آپ کی عزت کرنے پر مجبور ہوں ۔ اپنے آپ کو لال پیلی چھمک چھلو بنا کر تماشا مت بنائیں ۔ یہ  آپ کا ذاتی معاملہ ہر گز نہیں ہے آپ ہماری نمائندگی کرتی ہیں اس لیئے  یہ ہمارے مجموعی قومی وقار کا سوال ہے ۔ اگر آپ ایسا نہیں کر سکتیں تو جا کر اپنے گھر بیٹھیئے یا فلموں میں اپنے نازوانداز کی نمائش کیجیئے ۔ 
                          ●●●

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/