ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

ہفتہ، 4 جون، 2016

تجربے ہار جاتے ہیں





تجربات ہار جاتے ہیں 
ممتازملک. پیرس





انسان ہرروز ایک نئی بات سیکھتا  ہے.  ہر آنے والا پل اس کی زندگی کو نئے تجربات سے روشناس کراتا ہے . ہماری پیدائش سے لیکر ہماری موت تک ہم بے شمآر خواہشات سے بھی دوچار ہوتے ہیں اور تجربات کی بھٹی سے پک پک کر بھی نکلتے ہیں یہ نظام قدرت ہے کہ دنیا ان تجربات سے فائدہ بھی اٹھاتی ہے اور ہمیں اپنے آپ کو سیکھنے سے لیکر سکھانے تک کے مراحل سے گزرنا خود بھی بے حد سکون دیتا ہے اور بارآوری کے احساس سے ہمکنار کرتا ہے .
 پندرہ برس تک بچپن، تیس برس تک نوجوانی ،پنتالیس  برس تک جوانی  اور پچپن برس کی عمر کے بعد کا عرصہ بڑھاپا کہلاتا ہے . بچپن میں ہر چیز نئی لگتی ہے . نوجوانی میں ہمیں لگتا ہے ساری دنیا بیوقوف ہے اور خاص ہمی سیانے پیدا ہو گئے ہیں جو اللہ کا اس دنیا پر الگ سے احسان ہے . جوانی میں ہم اسی دنیا میں اپنے لیئے جگہ بناتے بناتے کئی بار کبھی اپنے دل سے لڑتے ہیں اور کئی بار اپنی عقل سے ہار جاتے ہیں کہ سامنے کئی اور سورما میدان میں ہمیں پچھاڑنے  اور لڑانے کو تیار بیٹھے ہوتے ہیں .
ادھیڑ عمری میں ہمیں لوگوں کے لب و لہجے اور اندازوآداب زندگی کی سمجھ آنے لگتی ہے اور ہم اس سے بہتر انداز میں نبرد آزما ہونے لگتے ہیں . دنیا بھر میں اس عمر کے لوگوں کو معتبر جانا جاتا ہے اور انہیں باوقار اور پراعتماد سمجھا جاتا ہے . کیونکہ ان کے پاس دنیا کو سکھانے کا مواد آ چکا ہوتا ہے اور اسے  وہ بہتر انداز میں دوسروں تک منتقل کر سکتے ہیں . یہاں تک کہ پیغمبر کے پیغبرانہ  اعلان کے لیئے بھی اللہ پاک نے چآلیس سال کی عمر تک پہنچنے کا حکم دیا. وجہ یہ ہی کہ تب تک تم دنیا کو اور دنیا تمہیں جان جائے سمجھ جائے .
دنیا کے بڑے بڑے رائٹرز ،شاعر، اداکار، مصور  وغیرہ وغیرہ وغیرہ سب کے سب بڑی بڑی عمر کے خواتین و حضرات ہیں اور ان کی بے حد عزت و احترام اور قیمت ہے . لیکن ہمارے ہاں یا ہمارے ملک میں ہمیشہ ہی گنگا الٹی بہتی ہے . ہمارے ہیں جوان اور ناتجربہ کار لوگوں کو فیلڈ میں لاکر ان کی پشت پناہی کرنے والے فورا اسے اس کرسی پر بٹھانے کی کوشش کرنے لگتے ہیں کہ جس کے کرسی سے زمین تک ابھی قدم بھی پورے نہیں پہنچ رہے ہوتے . اور ان کے سامنے ان لوگوں کو بٹھانے کی کوشش کی جاتی ہیں کہ جنہوں نے اس دشت کی سیاحی  میں اپنا آپ کھو دیا ہوتا ہے .
خود کو ہتھیلی پر سرسوں جمانے والا جوان ، جسم تو طاقتور  لے آتا ہے لیکن اس میں بڑھاپے کا اعتماد ، علم اور تجربہ بھرنے کی کوشش بھی شروع کر دیتا ہے، اس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے قدرتی کھاد سے تیار ہونے والی فصل جو تیار ہونے میں زیادہ وقت لیتی ہے لیکن لذت اور تاثیر میں بےحد فائدہ مند ہوتی ہے جبکہ دوسری جانب کیمیکل اور مصنوعی کھادوں کے زور پر راتوں رات پیدا کی جانے والی فصل جو سائز میں شکل ضرورت میں بہت بڑی بھی ہو گی اور خوبصورت بھی ہوگی لیکن لذت اور طاقت میں صرف بھس کے برابر.
اس تمہید سے آپ کو یہ تو اندازہ ہو ہی گیا ہو گا کہ ہم بات کو کس رخ پر بیان کر رہے ہیں . آج کل ہماری عمر کے لوگ کہ جن کی اولادیں ٹین ایج میں یا جوانی میں داخل ہو چکی ہیں ان کی سوچی سمجھی یا ناسمجھی  منصوبہ بندی نے ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ ہم بحیثیت قوم کے ہمیشہ ہی تنزلی کا شکار کیوں رہتے ہیں تو ایک ہی بات سمجھ پائے کہ جس عمر میں دنیا اپنے لوگوں سے ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے لگتی ہیں اس عمر میں ہمارے ہاں رواج ہے کہ آپ اب گھر بیٹھیں ہم نیا خون میدان میں لا رہے ہیں . سو ہم خون ہی لاتے ہیں تجربات کو لانے یا استعمال کرنے کا نہ ہمیں شوق ہے اور نہ ہی شعور . لہذا دنیا کامیاب ہو رہی ہے اور ہم ناکام .... اس لیئے کہ پرانے تجربات پر نئے نخرے اور انداز بازی مار جاتے ہیں . تجربات ہار جاتے ہیں .......

                                     ..........................

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/