سانحہ چارسدہ یونیورسٹی
ممتازملک ۔ پیرس
ایک اور دلخراش واقعہ نے پاکستان کے تحفظ اور اس کے پرامن حالات پر ایک اور چوٹ لگائی . نہ تو یہ کوئی بات نئی ہے اور نہ ہی ہمارا دشمن نیا یا چھپا ہوا ہے . یہ وہی دشمن ہے جن کے لیئے قائد اعظم کے یوم پیدائش کو نظر انداز کر کے ہمارے وزیراعظم صاحب خود کو فرش راہ کیئے بچھے چلے جا رہے تھے . اور نت نئے انداز سے اس دہشت گرد پڑوسی وزیراعظم کی دلپشوری میں دیوانے ہوئے جا رہے تھے . اور ویسے بھی پاکستانی قوم کا وقار کسی کے قدموں میں ڈالنا ہمارے وزراء کا پرانا شیوہ رہا ہے . لیکن اب تو حد ہی ہو چکی ہے .پڑوس سے کوئی بھی ڈگڈگی بجاتے ہوئے آتا ہے بندر کا تماشا دکھاتا ہے . اور ایک نئے وار کے لیئے جاسوسی کر کے چلا جاتا ہے . یہ ہی ہوا اب کی بار بھی پشاور کے نزدیک چارسدہ یونیورسٹی میں پشاور آرمی سکول کے واقعے کو دہرایا گیا . گو کہ الحمد اللہ گارڈز ،پولیس اور فوج کی بروقت آمد سے ہم بہت بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان سے بچ گئے . لیکن یہ سب اس سے کہیں زیادہ سنگین ہو سکتا تھا . ہر آدمی حیران ہے کہ کوئی لگاتار پاکستانی حدود میں موبائل پر تخریبی گفتگو کر رہا ہے لیکن کسی سیٹلائیٹ سروس یا موبائل سروس والے کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی. حالانکہ اگر یہ لوگ چند مخصوص الفاظ بھی سسٹم میں شامل کر دیتے ہیں جو کہ ممنوعہ ہوں تو بھی سسٹم آپ کو الرٹ کر دیتا ہے . یہ بات تو ایک چھوٹا سا بچہ بھی جانتا ہے کہ فون اور موبائل میں کئی قسم کے سیفٹی پوائنٹس ہوتے ہیں . تو ہمارے ان فون کمپنیز میں کام کرنے والے کیسے ثم بکم گونگے بہرے بنے رہے . اس کا صاف مطلب ہے کہ فون سروس میں سے بھی اس واقعے میں کسی نہ کسی کی سنگت یا غفلت شامل رہی ہے . اس کی گرفت اب تک کیوں نہیں ہوئی ؟
کسی بھی عمارت میں ساٹھ کے قریب گارڈز کیا ایک ہی جانب بیٹھے پہرہ دے رہے تھے یا تاش کھیل رہے تھے یا گپ ہانک رہے تھے کہ انہیں پچھلی دیواروں سے اندر آنے والوں کی بروقت خبر نہ ہوئی؟
اور سب سے بڑا نقطہ یہ ہے کہ یہ سب پاگل کتے اخر کابل سے ڈائیریکٹ تو چارسدہ تک نہیں پہنچے جس مکان یا ہوٹل میں یہ ٹھہرے تھے ان کے مالکان کو زیادہ رقم کی ادائیگی بھی کی ہو گی . اور امید سے زیادہ ان کی مٹھی گرم کی گئی ہو گی . اور ان مالکان کو یہ نہیں سوچنے کی زحمت گوارہ ہوئی کہ یہ اجنبی اس پر اتنا مہربان کیوں ہے ؟
ان سب لالچی ملک فروشوں کی سزا بھی اتنی عبرت ناک بنا دیں کہ آئندہ کوئی اپنا گھر یا کمرہ کرائے پر دیتے ہوئے اچھی طرح سے سوچے . ان سہولت کاروں کو انہیں کے محلوں میں سرعام پھانسی دی جائیں اور ان کے گھروں کو بلڈوز کر دیا جائے . تاکہ دوسروں کے لیئے یہ عبرت بن سکیں . اور جس کسی این جی او یا وکیل کے پیٹ میں ان پاگل کتوں کے لیئے ہمدردی کا مروڑ اٹھے تو اسے بھی پھانسی پر لٹکا دینا چاہیئے. کیونکہ اس ملک کی بقاء سے بڑھ کر نہ تو کوئی رشتہ ہے ،نہ کوئی عہدہ ہے اور نہ ہی کوئی محکمہ. جب تک حکومت پاکستان اور پاک آرمی دل کو پتھر کر کے بڑے اقدام نہیں اٹھائے گی ہمارے وذراء سے اس غیرت مندی کی توقع بھی عبث ہے. اگر راتوں رات اس ملک کی اسمبلیاں کھولی جا سکتی ہیں اور خزانے لوٹنے نت نئے قوانین اور احکامات پر ٹھپے لگائے جا سکتے ہیں . ہر خزانے کے چور کو تحفظ دیا جا سکتا ہے . تو اس ملک کی سلامتی کے فیصلوں پر مہر کیوں نہیں لگائی جا سکتی . قومی سلامتی کے تمام معاملات ہمارے نااہل اور کاروباری حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے جن کا دماغ سوتے جاگتے قورمہ بریانی سے آگے سوچ ہی نہیں سکتا .اور ان سے ملک کے دفاع کی امید رکھنا بھی گویا بلی کو دودہ کی نگرانی پر بٹھانے والی بات ہے . اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کی سلامتی کونسل کو فعال کیا جائے اور اس کے آخری فیصلے کا اختیار پاک آرمی کی کسی بھی غیر متنازعہ شخصیت کو بنایا آئے . کیونکہ جاہل عوامی اکثریت کو پڑھے لکھے باشعور درد دل رکھنے والی اقلیت پر کسی طور فوقیت نہیں دی جا سکتی . یہ ہی وقت کی آواز بھی ہے اور ضرورت بھی.
...............
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں