ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

بدھ، 26 جولائی، 2017

کوئی بھی دوا نہیں ....


موت وہ مرض ہے جس کی کوئی بھی دوا نہیں
ذندگی  کے دشت میں کیوں یہ ہی صدا نہیں
ممتازملک. پیرس

اتوار، 23 جولائی، 2017

✔ علم +روزگار=زندگی ۔ کالم۔ لوح غیر محفوظ



علم+روزگار =زندگی 
ممتازملک. پیرس


کسی نے سوال کیا...
کیا علم صرف پیسہ کمانے کے لیئے حاصل کیا جاتا یے ایسی سوچ کس نظام کو فروغ دے رہی ہے ؟
تو جناب علم صرف پیٹ پالنے کے لیئے اور پیسہ کمانے کے لیئے تو نہیں ہے یہ بات کوئی بھرے پیٹ والا ہی کہہ سکتا یے . ورنہ انسان کی سب سے پہلی اور بنیادی  ضرورت ہے روٹی جو  روزگار سے وابستہ ہے.
جس علم سے روزگار نہ مل سکے پیٹ نہ پل سکے وہ علم بھی بیکار ہے . کسی روز فاقہ  کر کے کتابیں پڑھ کر دن رات بتا  کر دیکھیئے گا . سمجھ میں آ جائے گا .
کہتے ہیں کہ
پنج رکن اسلام دے تے چھیواں رکن ٹک
جے کر چھیواں نہ ہووے تے پنجے جاندے مک.....
کہتے ہیں کہ ہمارے بزرگوں نے تو علم کو روزگار کے کیئے حاصل نہیں کیا .
جی ہاں انہوں نے نہیں کیا لیکن انہوں نے  جنہوں نے بچے اور خاندان نہیں پالے.
اور اسلام رہبانیت کو دھتکارتا ہے. اور رشتوں اور خاندان کو اہمیت دیتا ہے . حقوق العباد کو اللہ کے حقوق پر فضیلت دیتا ہے ...
تو ان سب کا محور و مرکز کیا ہے ؟
صرف سر پر شاباش کا ہاتھ رکھ دینے سے ماتھا چومنے  سے بھوکے کے پیٹ کی آگ بجھ جائے گی ؟
کیا کسی کو محبت سے دیکھنے اور میٹھا میٹھا بولنے سے اس کے بدن کی ستر پوشی کا انتظام ہو جائے گا ...
کیا جی جی کرنے سے بیمار کی دوا آ جائے گی ؟
کیا میرے اچھے اخلاق سے کسی ضرورت مند کی ضرورت پوری ہو جائے گی ؟
نہیں ہر گز نہیں ...
میں کتنی بھی نیک اور صالح ،نرم دل، مہذب ہو جاوں یہ سب پیسے کے بنا نہ  روٹی خرید سکتے ہیں نہ کپڑے نہ دوا نہ گھر ...
ان سب کے لیئے پیسہ چاہیئے
پیسے کے لیئے روزگار
اور روزگار کے لیئے ہنر اور تعلیم وہی اور اتنی سب سے زیادہ اہم ہے جو مجھے وہ ہنر سکھا سکے.
مولوی صاحب  بہت کھاتے ہے لیکن وہ کھانے کا انداز مانگنے والا ہوتا ہے.
سو کوئی بھی شخص اپنے بچے کو مولوی دوسرے لفظوں میں مانگنے والا  نہیں بنانا چاہتا .
اگر وہ ایک باقاعدہ ادارے کے تحت اچھی تنخواہ پر کام کرے مولانا کے عہدے پر، تو ہر ایک اپنے  بچے کو مولانا بنانا چاہے گا .
کیونکہ پھر وہ ایک باقاعدہ کام اور روزگار شمار ہو گی.
لیکن آپ نے یہ نہیں بتایا کہ علم آپ کی نظر میں کسے کہتے ہیں ...
علم کا مطلب ہے جاننا..
کیا جو لوگ ہنر سیکھتے ہیں .یہ علم نہیں ہے کیا ؟
علم صرف کتابوں کے رٹے  لگا کر ڈگری لینے ہی کا نام ہے ؟
بلاشبہ اللہ نے انسان کو سب سے پہلے اقراء کہہ کر پڑھنے کا حکم دیا لیکن
اقراء کہنے والے نے رزق کمانا بھی تو فرض کر دیا نا . ورنہ گھر بیٹھ کر  اقراء کرنے والے کی  چوتھے دن لاش ہی برآمد  ہو گی جناب 
پھر تو ہمارے انبیاء خوامخواہ ہی اینٹ پتھر توڑتے تھے. مشقت کرتے تھے اور رزق کما کر کھانا عین عبادت ویسے ہی فرما گئے کیا؟
آرام سے ایک کونے میں بیٹھ کر جنت سے طباق  اترنے کا انتظار کرتے  .
اس طرح تو پھر آج کے پیر فقیر ڈرامہ باز  زیادہ سمجھدار ہو گئے . نعوذاباللہ
توکل بہترین چیز ہے لیکن
توکل اللہ یہ نہیں ہے کہ آپ ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھ جائیں  اور معجزات کا انتظار کریں.
بلکہ یہ ہے کہ آپ اپنی بھرپور کوشش  کے بعد جو کچھ کم یا زیادہ حاصل کر پائیں اسی پر اللہ سے راضی ہو جائیں .
جو علم آپ کو رزق پیدا کرنا اور ڈھونڈنا نہیں سکھا سکتا ایسے  علم سے تو انسان جاہل ہی بہتر ہے .
علم سے رزق کو کبھی الگ نہیں کیا جا سکتا .
کیا کوئی کھائے بنا علم حاصل کرنے نکل سکتا ہے ...
کبھی نہیں...
تو کھائے گا کہاں سے؟ کمایا ہو گا یا کسی نے کما کر کھلایا ہو گا جبھی کھا کر زندہ رہیگا اور علم حاصل کریگا نا . ویسے کتنی عجیب بات ہے جناب ...
جنہیں ہم جاہل ان پڑھ کہتے ہیں انہیں کی کمائی پر ہم ڈگریاں حاصل کرتے ہیں . اور پھر انہیں زندگی کا سبق بھی پڑھاتے ہیں اور انہیں انکی جہالت اور ڈگری نہ ہونے کا طعنہ بھی دیتے ہیں جبکہ اس کی جہالت آپ کے پیٹ کا دوزخ بھر کر آپ کو کنگھی پٹی کر کے سکول کالج اور یونیورسٹی بھیجتی رہی کہ کب  میرا بچہ میرا بھائی میری بہن مجھے علم کا مطلب سکھا سکے اور یہ بتا سکے کہ آپ جاہل لوگ آپکو کیا پتہ یہ کپڑے میلے کر کے مشقتیں کرنا لوہے ،لکڑی اور گارے یا مشینوں کیساتھ روزگار کرنا جاہلوں  کا کام ہے . کام تو ہمارے پاس ہے یہ دیکھو کتنی بڑی ڈگری  ہے میرے پاس ..ہم ڈگری والے ہواوں  میں قلعے بناتے ہیں.  خیالی پلاو پکاتے ہیں .. اور کیا چاہیئے .
زندگی بھی اک لطیفہ ہو گئی ہے
اور میری بحث کا نچوڑ یہ ہے جناب
کہ
علم کے مختلف درجے ہوتے ہیں
اس میں سب سے افضل درجہ وہ ہے جو آپ کو باعزت روزگار کمانے میں بھی مدد کر سکے .
کیونکہ ہم سب کچھ کر سکتے ہیں اگر زندہ ہیں تو ....
اور زندہ تب رہتے ہیں جب رزق روٹی کھاتے ہیں .
اور روٹی تب ملتی ہے جب جیب میں پیسے ہوں .
اور پیسے تب ملتے ہیں جب ہم روزگار والے ہوں
اور روزگار تب ملتا ہے جب ہمارے پاس اس روزگار کے کرنے کا علم ہو.
یعنی
علم+روزگار=زندگی 
●●●

ہفتہ، 15 جولائی، 2017

پہلا پارہ قرآن

انتخاب
ممتازملک. پیرس

پہلا پارہ​
اس پارے میں پانچ باتیں ہیں:
1۔اقسام انسان
2۔اعجاز قرآن
3۔قصۂ تخلیقِ حضرت آدم علیہ السلام
4۔احوال بنی اسرائیل
5۔قصۂ حضرت ابراہیم علیہ السلام

1۔اقسام انسان تین ہیں: مومنین ، منافقین اور کافرین۔
مومنین کی پانچ صفات مذکور ہیں:
۱۔ایمان بالغیب ۲۔اقامت صلوۃ ۳۔انفاق ۴۔ایمان بالکتب ۵۔یقین بالآخرۃ
منافقین کی کئی خصلتیں مذکور ہیں: جھوٹ، دھوکا، عدم شعور، قلبی بیماریاں، سفاہت، احکام الٰہی کا استہزائ، فتنہ وفساد، جہالت، ضلالت، تذبذب۔
اور کفار کے بارے میں بتایا کہ ان کے دلوں اور کانوں پر مہر اور آنکھوں پر پردہ ہے۔

2۔اعجاز قرآن:
جن سورتوں میں قرآن کی عظمت بیان ہوئی ان کے شروع میں حروف مقطعات ہیں یہ بتانے کے لیے کہ انھی حروف سے تمھارا کلام بھی بنتا ہے اور اللہ تعالیٰ کا بھی، مگر تم لوگ اللہ تعالیٰ کے کلام جیسا کلام بنانے سے عاجز ہو۔

3۔قصۂ حضرت آدم علیہ السلام :
اللہ تعالیٰ کا آدم علیہ السلام کو خلیفہ بنانا، فرشتوں کا انسان کو فسادی کہنا، اللہ تعالیٰ کا آدم علیہ السالم کو علم دینا، فرشتوں کا اقرارِ عدم علم کرنا، فرشتوں سے آدم علیہ السلام کو سجدہ کروانا، شیطان کا انکار کرنا پھر مردود ہوجانا، جنت میں آدم وحواء علیہما السلام کو شیطان کا بہکانا اور پھر انسان کو خلافتِ ارض عطا ہونا۔

4۔احوال بنی اسرئیل:
ان کا کفران نعمت اور اللہ تعالیٰ کا ان پر لعنت نازل کرنا۔

5۔ قصہّ حضرت ابراہیم علیہ السلام:
حضرت ابراہیم علیہ السلام کا اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر خانہ کعبہ کی تعمیر کرنا اور پھر اللہ تعالیٰ سے اسے قبول کروانا اور پھر توبہ و استغفار کرنا۔

جمعہ، 14 جولائی، 2017

خاص باتیں قرآن سے


خاص باتیں

آپس کے معاملات سدھارنے کے لیے کتنی زبردست ہیں قران حكيم كى یہ نو باتیں ، کاش ہم اسے اپنے عمل میں لائیں!!!

1- *فتبينوا:*
کوئی بھی بات سن کر  پھیلانے سے پہلے تحقیق کر لیا کرو . کہیں ایسا نہ ہو کہ بات سچ نہ ہو اور کسی کوانجانے میں نقصان پہنچ جائے۔

2 - *فأصلحوا:*
دو بھائیوں کے درمیان صلح کروا دیا کرو. تمام ایمان والے آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

3- *وأقسطوا:*
ہر جھگڑے کو حل کرنے کی کوشش کرو اور دو گروہوں کے درمیان انصاف کرو. الله کریم انصاف کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے۔

4 - *لا يسخر:*
کسی کا مذاق مت اڑاؤ. ہو سکتا ہے کہ وہ الله کے نزدیک تم سے بہتر ہو۔

5 - *ولا تلمزوا:*
کسی کو بے عزّت مت کرو۔

6- *ولا تنابزوا:*
لوگوں کو برے القابات
(الٹے ناموں) سے مت پکارو.

7- *اجتنبوا كثيرا من الظن:*
برا گمان کرنے سے بچو کہ کُچھ گمان گناہ کے زمرے میں آتے ہیں۔

8 - *ولا تجسَّسُوا:*
ایک دوسرے کی ٹوہ میں نہ رہو۔

9- *ولا يغتب بعضكم بعضا:*
تُم میں سےکوئی ایک کسی دوسرے کی غیبت نہ کرے کہ یہ گناہ کبیرہ ہے اور اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھانے کے مترادف ہے۔
(سورہ الحجرات)

الله کریم اخلاص کیساتھ عمل کرنے کی تو فیق دے۔
آمین یارب العالمین ۔

جمعرات، 6 جولائی، 2017

وزیر اعظم پاکستان کے نام ایک کھلا خط

جناب مکرمی و محترم وزیر اعظم پاکستان
محمد نواز شریف صاحب
سلام مسنون 
(ممتازملک )

میں ملک پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد سے جڑے شہر راولپنڈی کی رہنے والی ایک کام آدمی کی عام سی بیٹی ہوں. جی جی وہی شہر جس میں آپ نے اپنے حکومتوں کی سیاست کے چالیس سالہ دورمیں میٹرو کا تحفہ دیا ہے ..باقی شہر کا کچرا گھر بننا آپ آپ کا سردرد تھوڑی ہے. اس لیئے اس کا شکوہ جانے دیں آپ کوئی میونسپلٹی کے انچارج تو ہیں نہیں کہ اس شہر کو صاف کروائیں . آپ تو لاہور شہر کے ہر محکمے کے مالک ہیں سو وہاں آپ کی سردردی  زیادہ بنتی ہے . جو آپ لیتے بھی ہیں . گاڑیاں تو آپ کی سارا دن لاہور کی سڑکوں سے گزرتی ہیں ہمارے شہروں کی سڑکوں سے تھوڑی گزرتی ہیں 😎.
آپ نے تین بار اس ملک پاکستان  کی باگ دوڑ سنبھالی . خوب کام کیا😆
لیکن آپ کے اکثر کاموں میں ہمیں ہمیشہ یہ ہی گمان رہا کہ شاید آپ صرف لاہور کے وزیر اعظم  ہیں . اور ہم باقی شہروں کو لاہور سے ہمیشہ ہی جلن رہی کہ ہمارے شہر کا ایسا وزیراعظم کیوں نہیں ہے جی  😃
ہم تو بچپن میں آپ کی  وزارت اعلی پر اپنے اماں باوا سے یہ سوال ضرور کیا کرتے تھے کہ آخر لاہور جیسا وزیر اعلی  راولپنڈی کا اور پنجاب کا  کیوں نہیں ہے 😯
لیکن ہمارے والدین بھی آپ کے پنجاب  کا وزیر اعلی بننے کے انتظار میں اس دنیا سے اگلی دنیا کی گاڑی میں سوار ہو گئے . اور اب ہم لاہور جیسا وزیر اعلی اپنے پنجاب میں دیکھنے کہ آرزو  میں بزرگ ہونے کو آئے . لیکن
ہنوز دلی دور است شاید 😉
دو بار  آپ پاکستان کے وزیراعظم کے اپنے عہدے سے  اپنی ضد بازی کی وجہ سے مدت حکومت پوری نہ کر سکے .
کیونکہ آپ لاہور کے وزیراعظم رہے پاکستان تو آپ نے دیکھنا کیا تھا . آپ نے تو پنجاب بھی کبھی اپنے زندگی میں پورا نہیں دیکھا یقینا 😠
اب تیسری بار وزارت عظمی کا ہما آپ کے سر بیٹھا . تو آپ نے کافی کام دل کے بجائے دماغ سے کرنے کی ٹھانی.  چاہے اپوزیشن جماعتوں کی ضد میں ہی سہی . بھلا تو پاکستان ہی کا ہوا نا 😄
اور ہم راولپنڈی واسیوں کو بھی ایک عدد انڈر پاس اور میٹرو نصیب ہو ہی گئی . باقی میٹرو کے نیچے کا ٹریفک جائے بھاڑ میں ....اس کا علاج ڈسپرین کی گولیاں ہر بندہ اپنے گھر سے لیکر نکلے یہ بھی کوئی حکومت کے کرنے کے کام ہیں کیا 😂 ڈسپرین کی گولیاں سر جی 😉😉
خیر اس بار اپوزیشن نے آپ کو چین کی بنسی نہ بجانے کی قسم کھائی  اور پچھلی حکومت میں آپ نے جو فرینڈلی راگ گا کر چپ شاہ کا روزہ رکھ لیا تھا . وہ کام اس بار کی اپوزیشن اپنے منہ میں دہی جما کر کرنے کے موڈ میں بلکل نہ رہی ....سو آپ کو بھی اس بار لاہور سے نکل کر چار شہروں کی دھوپ اپنے سر کو لگوانی ہی پڑی . 😡
خیر کیا  کریں  سیانے بھی کیا کیا فضول باتیں کر گئے ہیں .لگتا ہے ان کے پاس باتیں  کرنے کے سوا کوئی کام ہی نہیں تھا . اور کم بخت ایسی ایسی باتیں کر گئے ہیں کہ کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی سے چپک ہی جاتی ہیں 😧
اب یہ ہی سن لیں ...نہیں نہیں میں آپ کو نہیں سنا رہی  میری کیا مجال جناب. بڑوں ویلے بابوں نے کہا ہے کہ
جناں نے کھادیاں  گاجراں
تے ڈھڈ اناں سے پیڑ 😝
یعنی اردو میں کہیئے کہ
کہ میاں جو گاجریں  کھانے کا شوق رکھتے ہیں انہیں پیٹ کے مروڑ بھی جھیلنے پڑتے ہیں ...😨
سو آپ کا منصب جتنا بڑا ہے  اس میں انجوائمنٹ تو ہے ہی پر جوابدہی بھی یقینا بہت بڑی ہے اللہ پاک کے ہاں ہی نہیں اب پاکستان میں بھی 😧
سو آپ نے اس جوابدہی کے لیئے کوئی بہانہ تراشے کے بجائے اس کا سامنا کرنے کی ٹھانی . خوب فیصلہ  کیا .
آپ خاندان کے ساتھ سب کے سامنے پیش  ہوئے ..خوب فیصلہ کیا ..
لیکن یہ کیا ....مار دی آپ نے کہ  بچے بچے پیش ہونے کا گلہ کر دیا ...حیرت ہے آپ کے بچے اب نانا نانیاں بن کر بھی بچے ہیں تو آپ ان کیساتھ لڈو کھیلتے .کہ وہ ابھی تک بڑے ہی نہیں ہوئے . لیکن پیدائشی ارب پتی واقعی  جس عمر تک چاہے بچہ رہ سکتا ہے یہ بھی آپ نے پاکستانیوں کو نیا سبق سکھایا بہت شکریہ اسی کی ہماری زندگیوں میں کمی تھی . .اس ہر ایک اور ....مار دی آپ نے. ...کہ
مریم بیٹی کو جوابدہی والوں نے بلا کر گویا اس کائنات کا ظلم عظیم کر دیا 😲
ہمیں تو اس بات کا صدمہ ہو گیا کہ کاش اس ملک کے بچی طیبہ کو اسکا  مالک بدترین تشدد کا نشانہ نہ بناتا اگر اس کا باپ بھی آپ جیسا ہوتا ...
کوئی بیٹی ریپ نہ ہوتی
کوئی ماں دودھ کی بوتل کے لیئے خود کو نہ بیچتی. .
جھوٹے الزامات لگا کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے پاکسان کی کوئی بیٹی نہ ہوتی 😢 تیزاب سے جھلسی کوئی  بیٹی نہ ہوتی ...پسند کی شادی پر قتل کر دی گئی کوئی بیٹی نہ ہوئی...
چولہے پھٹنے پر مرنے والی  بہو بن کر گئی کوئی بیٹی نہ ہوتی.
کاش ان کے باپ بھی نواز شریف جیسے باپ ہوتے .. جو اپنی بیٹی (جو اب بیٹی کی بیٹی کی بھی ماں بن چکی ہے )کے سر پر دھوپ کی گرمی بھی برداشت نہ کر سکا اور بلبلا اٹھا .....یہ آپ نے کیا کر دیا میاں نواز شریف صاحب وزیر اعظم پاکستان آپ نے اس ملک کے دس کروڑ سے زیادہ بیٹیوں کو احساس کمتری میں مبتلا کر دیا ...آپ کے پاس اپنا اگلا الیکشن جیتنے کے لیئے تیار منصوبوں کی لمبی لسٹ موجود ہے پھر آپ نے ایسا کیوں کیا .. اب ہر بیٹی ایک بار اپنے بابل کا چہرہ یہ سوچ کر ضرور دیکھے گی کہ ہمارا بابل ہمارے سر کی دھوپ کو دھوپ کیوں نہیں سمجھتا ...کیا وہ باپ نہیں یا اس لیئے کہ وہ وزیر اعظم پاکستان نہیں . کیونکہ ہم تو عمر بھر  یہ ہی سمجھتے رہے کہ ملک کا حکمران ہی  اس ملک کی سبھی بیٹیوں کا باپ ہوتا ہے .😢 آپ نے ایک بیٹی کی حمایت کر کے یہ بتا دیا کہ بیٹی بس اپنی اپنی 😔😔😔
                 --------------

اتوار، 2 جولائی، 2017

پیرس پاکستانی بھارتی مووی


پاکستانی پیرس اور بھارتی مووی 
ممتازملک. پیرس

بڑے شوق سے میں نے اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ پیرس کے سنیما ہال میں قدم رکھا .
جہاں بڑے ہی انتظار کے بعد ایک شاندار پاکستانی فلم "یلغار"نمائش کے لیئے پیش کی جارہی تھی . 
فلم شروع ہونے کا سن کر ہم نے ہال کی جانب دوڑ لگائی کہ ہمیں ہماری من پسند جگہ نہ مل سکی تو فلم کا مزہ کرکرا ہو جائیگا . اندھیرے میں فون ٹارچ آن کر کے ہال کی سیڑھیوں  کو ٹٹولتے ہوئے پہنچے سیڑھیوں کی ننھی منی لائٹس  میں جب بیٹھنے کو ہال پر نظر ڈالی تو  پہلا جھٹکا لگا . تمام ہال میں بمشکل تیس کے قریب لوگ بیٹھے تھے . دل کو ایک دھکا اور لگا جب معلوم ہوا کہ فرنچ سب ٹائٹل والی شاندار فلم "یلغار" کے مقابل پیرس کے پاکستانی بھارتی فلم "ٹیوب لائٹ " دیکھ کر اپنے جذبہ حب الوطنی کو تسکین پہنچا رہے ہیں . 
کہاں اس فلم "یلغار"کی فوجیوں کی اپنے عوام کے سر سے اپنی واری جانے والی جانوں کا بورنگ موضوع اور کہاں بھارتی فلم کے واہیات لٹکے جھٹکے اور بارہ مصالحے ...ہے کوئی مقابلہ ان دونوں کا ...
پھر بھی کشمیر بنے گا پاکستان 
فوج یہ کیوں نہیں کرتی ہے 
وہ کیوں کرتی 
حکمران یہ نہیں کرتے
وہ نہیں کرتے 
غیرت مند پاکستانیوں کبھی اپنے گریبان میں جھانکا....کہ تم کیا نہیں کرتے اور کیوں نہیں کرتے ... 
انڈین بیٹ پر ناچ کر ٹھمک  کر 
پاکستان پر تنقید کرنے والو
اتنی تو شرم کرو کہ تم  تو اپنی محض ایک فلم کو پروموٹ نہیں کر سکتے جو تمہارے منہ پر لگی دہشتگرد کی کالک دھونے کے لیئے تیار کی گئی ہے  ..اور دنیا کو یہ بتا سکو کہ ہم وکٹم ہیں دہشتگرد نہیں ...
بجائے اس کہ اپنے ساتھ اپنے غیر ملکی دوستوں کو بھی لاتے اور انہیں بتاتے کہ دیکھو ہم کیسے اپنے بھائی بیٹے اور باپ اس جنگ میں قربان کر رہے جو دنیا کی کوئی فوج اپنے ہی ملک میں ایسی جنگ  نہیں لڑ سکتی .کیسے اپنے عزتوں کو ان جانور طالبانوں کا شکار ہونے  سے بچا رہے ہیں ...
جاکر بھارتی فلم کے مصالحوں کا مزا لیجیئے . اور رات کو سوتے وقت اپنے بچوں کیساتھ ان کے اداکاروں  کو ڈسکس کرنا نہ بھولیے گا ...آخر کو ہم کیا کر سکتے ہیں جی یہاں بیٹھ کر ...
کچھ نہیں ..
آپ بس اپنا پیسہ بھارتی درندوں کے ہاتھ میں پہنچایئے. ..باقی وہ سب کچھ خود ہی کر لیں گے کبھی ہمارے ملک میں،
کبھی نہتے کشمیریوں کے خلاف،
اور کبھی بھارتی مسلمانوں کی آئے دن کی نسل کشی کی صورت ...
آپ انجوائے کیجیئے جناب 
ڈونٹ وری  
ٹیک اٹ ایزی 
پھر بھی بڑے جذبے سے 
نعرہ تکبیراللہ اکبر
فلم کے طور پر یلغار ایک بہترین فلم رہی .اپنے ملک میں ہونے والی دہشگردی کے خلاف جنگ کے موضوع پر بنی یہ فلم ہمارے فوجیوں اور ان کے گھرانوں کی قربانیوں اور اس وقت لوگوں کی حالت زار وہاں ہونے والی طالبانی دہشتگردی پر مبنی حالات پر بنی ہے .  یہ ایک فل ایکشن مووی ہے . جس میں  ہلکا پھلکا مزاح بھی رکھا گیا . جو بھلا لگتا ہے . حسین خوبصورت جنت نظیر مناظر آنکھوں کو فرحت  بخشتے ہیں. 
اداکاروں نے پروڈیوسر  ڈائریکٹر بیک گراونڈ میوزک ہر ہر لحاظ سے یہ ایک شاندار فل ہے . خون کو گرمانے والی . جزبہ حب الوطنی کو جگانے والی . 
اس کے بنانے والوں کو میں اپنی جانب سے اور اسے دیکھنے والوں کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں .
                 ---؛؛؛؛--؛؛؛؛---

ہفتہ، 1 جولائی، 2017

امام احمد بن حنبل کی بیٹے کو نصیحتیں

انتخاب /ممتازملک
بیٹے کی شادی پر باپ کی نصیحتیں.

امام احمد ابن حنبل رح نے اپنے صاحب زادے کو شادی کی رات ۱۰ نصیحتیں فرمائیں

ہر شادی شدہ مرد کو چاہیئے کہ انکو غور سے پڑھے اور اپنی زندگی میں عملی طور پر اختیار کرے
میرے بیٹے، تم گھر کا سکون حاصل نہیں کرسکتے جب تک کہ اپنی بیوی کے معاملے میں ان ۱۰ عادتوں کو نہ اپناؤ
لہذا ان کو غور سے سنو اور عمل کا ارادہ کرو
پہلی دو تو یہ کہ عورتیں تمھاری توجہ چاہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ تم ان سے واضح الفاظ میں محبت کا اظہار کرتے رہو
لہذا وقتاً فوقتاً اپنی بیوی کو اپنی محبت کا احساس دلاتے رہو اور واضح الفاظ میں اسکو بتاؤ کہ وہ تمہارے لئے کس قدر اہم اور محبوب ہے
(اس گمان میں نہ رہو کہ وہ خود سمجھ جائے گی، رشتوں کو اظہار کی ضرورت ہمیشہ رہتی ہے)
یاد رکھو اگر تم نے اس اظہار میں کنجوسی سے کام لیا تو تم دونوں کے درمیان ایک تلخ دراڑ آجائے گی جو وقت کے ساتھ بڑھتی رہے گی اور محبت کو ختم کردے گی
۳- عورتوں کو سخت مزاج اور ضرورت سے زیادہ محتاط مردوں سے کوفت ہوتی ہے
لیکن وہ نرم مزاج مرد کی نرمی کا بےجا فائدہ اٹھانا بھی جانتی ہیں
لہذا ان دونوں صفات میں اعتدال سے کام لینا تاکہ گھر میں توازن قائم رہے اور تم دونوں کو ذہنی سکون حاصل ہو
۴- عورتیں اپنے شوہر سے وہی توقع رکھتی ہیں جو شوہر اپنی بیوی سے رکھتا ہے
یعنی عزت، محبت بھری باتیں، ظاہری جمال، صاف ستھرا لباس اور خوشبودار جسم
لہذا ہمیشہ اسکا خیال رکھنا
۵- یاد رکھو گھر کی چار دیواری عورت کی سلطنت ہے، جب وہ وہاں ہوتی ہے تو گویا اپنی مملکت کے تخت پر بیٹھی ہوتی ہے
اسکی اس سلطنت میں بےجا مداخلت ہرگز نہ کرنا اور اسکا تخت چھیننے کی کوشش نہ کرنا
جس حد تک ممکن ہو گھر کے معاملات اسکے سپرد کرنا اور اس میں تصرف کی اسکو آزادی دینا
۵- ہر بیوی اپنے شوہر سے محبت کرنا چاہتی ہے لیکن یاد رکھو اسکے اپنے ماں باپ بہن بھائی اور دیگر گھر والے بھی ہیں جن سے وہ لاتعلق نہیں ہو سکتی اور نہ ہی اس سے ایسی توقع جائز ہے
لہذا کبھی بھی اپنے اور اسکے گھر والوں کے درمیان مقابلے کی صورت پیدا نہ ہونے دینا کیونکہ اگر اسنے مجبوراً تمہاری خاطر اپنے گھر والوں کو چھوڑ بھی دیا تب بھی وہ بےچین رہے گی اور یہ بےچینی بالآخر تم سے اسے دور کردے گی
۷- بلاشبہ عورت ٹیڑھی پسلی سے پیدا کی گئی ہے اور اسی میں اسکا حسن بھی ہے
یہ ہرگز کوئی نقص نہیں، وہ ایسے ہی اچھی لگتی ہے جس طرح بھنویں گولائی میں خوبصورت معلوم ہوتی ہیں
لہذا اسکے ٹیڑھپن سے فائدہ اٹھاؤ اور اسکے اس حسن سے لطف اندوز ہو
اگر کبھی اسکی کوئی بات ناگوار بھی لگے تو اسکے ساتھ سختی اور تلخی سے اسکو سیدھا کرنے کی کوشش نہ کرو ورنہ وہ ٹوٹ جائے گی، اور اسکا ٹوٹنا بالآخر طلاق تک نوبت لے جائے گا
مگر اسکے ساتھ ساتھ ایسا بھی نہ کرنا کہ اسکی ہر غلط اور بےجا بات مانتے ہی چلے جاؤ ورنہ وہ مغرور ہو جائے گی جو اسکے اپنے ہی لئے نقصان دہ ہے
لہذا معتدل مزاج رہنا اور حکمت سے معاملات کو چلانا
۸- شوہر کی ناقدری اور ناشکری اکثر عورتوں کی فطرت میں ہوتی ہے
اگر ساری عمر بھی اس پر نوازشیں کرتے رہو لیکن کبھی کوئی کمی رہ گئی تو وہ یہی کہے گی تم نے میری کونسی بات سنی ہے آج تک
لہذا اسکی اس فطرت سے زیادہ پریشان مت ہونا اور نہ ہی اسکی وجہ سے اس سے محبت میں کمی کرنا
یہ ایک چھوٹا سا عیب ہے اس کے اندر
لیکن اسکے مقابلے میں اسکے اندر بے شمار خوبیاں بھی ہیں
بس تم ان پر نظر رکھنا اور اللہ کی بندی سمجھ کر اس سے محبت کرتے رہنا اور حقوق ادا کرتے رہنا
۹- ہر عورت پر جسمانی کمزوری کے کچھ ایام آتے ہیں۔ ان ایام میں اللہ تعالٰی نے بھی اسکو عبادات میں چھوٹ دی ہے، اسکی نمازیں معاف کردی ہیں اور اسکو روزوں میں اس وقت تک تاخیر کی اجازت دی ہے جب تک وہ دوبارہ صحتیاب نہ ہو جائے
بس ان ایام میں تم اسکے ساتھ ویسے ہی مہربان رہنا جیسے اللہ تعالٰی نے اس پر مہربانی کی ہے
جس طرح اللہ نے اس پر سے عبادات ہٹالیں ویسے ہی تم بھی ان ایام میں اسکی کمزوری کا لحاظ رکھتے ہوئے اسکی ذمہ داریوں میں کمی کردو، اسکے کام کاج میں مدد کرادو اور اس کے لئے سہولت پیدا کرو
۱۰- آخر میں بس یہ یاد رکھو کہ تمہاری بیوی تمہارے پاس ایک قیدی ہے جسکے بارے میں اللہ تعالٰی تم سے سوال کرے گا۔ بس اسکے ساتھ انتہائی رحم و کرم کا معاملہ کرنا

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/