ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

اتوار، 16 دسمبر، 2018

انٹرویو میگزین باب دعا





سوال نامہ
انٹرویو ثوبیہ خان


1۔ بابِ دعا : آپ کا نام اور آپ کا قلمی نام؟
# ممتازملک
2.باب دعا: تعلیم کہاں تک حاصل کی ؟
# بی اے پرائیویٹ 
3۔بابِ دعا: آپ کے لکھنے کی ابتدا کیسے اور کب ہو ئی ؟
# بچپن میں ہی جب سوچنا شروع کیا تو سمجھنا بھی شروع کیا ۔ اپنے دل کی بات پہلے صرف اپنے لیئے لکھنا ایک مشغلہ تھا جو وقت کے ساتھ جینے کا مقصد لگنے لگا ۔
4۔ بابِ دعا: کیا آپ کے خاندان میں کوئی شاعر یا ادیب ہے؟ ؟
شاید ہاں ۔ لیکن مجھے ان کے بارے میں زیادہ تفصیلات کا علم نہیں ہے ۔
5۔ بابِ دعا: آپ کی اب تک کتنی کتابیں شائع ہوچکی ہیں؟
3 کتب شائع ہو چکی ہیں ان میں 2 شعری مجموعے بنام
1۔ مدت ہوئی عورت ہوئے
2011 میں چھپی۔
2۔ میرے دل کا قلندر بولے
2014 میں چھپی۔
3۔ سچ تو یہ ہے (مجموعہ مضامین)
2016 میں چھپی۔
۔اور چوتھی کتاب طباعت کے مراحل میں ہے ۔
6۔ بابِ دعا : پسندیدہ شاعر کون ہے کس سے متاثر ہوئے ؟
محسن نقوی ، حبیب جالب، منیر نیازی، احمد فراز
7۔ بابِ دعا: زندگی کا فلسفہ
بتائیں ۔ آپکی کی نظر میں؟
زندگی درد کی کہانی ہے
وہ جو ہنس ہنس کے اب سنانی ہے
کتنے ابواب  کو چھپانا ہے 
اور کتنی ہے جو بتانی ہے
(ممتازملک )
8۔ بابِ دعا: معاشرہ کسے کہتے ہیں ؟
#انسانوں کا ایک ہجوم جسے کچھ اصول و ضوابط کے تحت زندگی گزارنے پر آمادہ کیا جائے ۔
9۔ بابِ دعا : آج کے دور میں شعراء بھی ہیں ادیب بھی ہیں کتابیں بھی لکھی جارہی ہیں لیکن تہذیب کم ہوتی جارہی ہے کیوں ؟
کیونکہ اکثر جو لکھا اور  کہا جا رہا ہے وہ لکھنے اور کہنے  والے کے اپنے  کردار میں نظر نہیں آ رہا ۔
10۔ بابِ دعا: آج کل کے ملکی حالات پر آپ کیا کہنے چاہیں گے ؟
اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے ۔
11۔ بابِ دعا : دورِ عروج کے ادب اور زوال یافتہ معاشرے کے ادب میں کیا فرق ہے ؟
دور عروج کے ادب نے لوگوں کو زندگی کے مقاصد سے روشناس کیا ۔ اور دور زوال کے معاشرے کے  ادب نے لوگوں کو حقیقت سے دور مصنوعی دنیا کا باسی بنا دیا۔
12۔ بابِ دعا : آپ کے خیال میں اچھا ادب کیا ہے اور برا ادب کیا ہے ؟
# اچھا ادب مثبت رہنمائی کرتا ہے جبکہ برا ادب بھٹکاتا ہے، برباد کرتا ہے۔ بے چینی پیدا کرتا ہے ۔ 
13 بابِ دعا: پسندیدہ کتاب یا ناول کونسا ہے ؟
ہر کتاب ایک استاد ہے جو کچھ نہ کچھ سکھاتی ہے اس لیئے میں ہر کتاب کو پسند کرتی ہوں ۔
14۔ بابِ دعا: اردو زبان کا مستقبل آپ کیسے دیکھتے ہیں ؟
# اردو کا مستقبل خود پاکستانیوں کے ہاتھ میں ہے ۔ اپنی زبان سے محبت کرنا شروع کریں گے تو اس کا مستقبل بہت روشن ہو گا ۔
15 بابِ دعا : فیس بک کی شاعری کو آپ کیسا دیکھتے ہیں اور فیس بُک کی وجہ سے کیا نقصان پہنچا ہے ادب کو اور کیا فائدہ ہے؟
# فیس بک پر ہر طرح کے لوگ اپنا ذوق سخن آزما رہے ہیں ۔ فیس بک ک طفیل ایڈیٹرز کی من مانیاں یا مجبوریاں اب ختم ہو چکی ہیں ۔ اب ہر انسان اپنا کام براہ راست لوگوں کے سامنے پیش کر سکتا ہے ۔ اس سے پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے شوقیہ شاعر وقت کیساتھ خاموش ہو جاتے ہیں ۔ فضول بے مقصد شاعری خود بخود  رد ہو جاتی ہے ۔ کام وہی باقی رہیگا جس میں دم ہو گا ۔ ہاں لیکن کچھ بے شرم لوگ جو جبری شاعر  ہوتے ہیں وہ چوری کے دم پر اپنا نام بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ جس پر سائیبر کرائم کو مذید فعال ہونا پڑے گا اور ایک بار جو شاعری کسی کے نام سے پوسٹ ہو چکی ہو  اسے کسی اور کے نام سے قطعا پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہییے ۔ اس پر ماہرین کو فیس بک والوں کیساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔
مجموعی طور پر فیس بک نے لوگوں کو اپنے خیالات و نظریات کھل کر بیان  کرنے کی ہمت اور حوصلہ افزائی بخشی ہے ۔ اپنا اخلاق اور تہذیب دنیا کے سامنے پیش کرنا اب آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے ۔
16۔ بابِ دعا :شاعری کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے شاعری کیا ہوتی ہے ؟
# شاعری کسی عام انسان پر اللہ کا خاص کرم ہے ۔ پیغمبر پر اللہ کا پیغام وحی بن کر اترتا ہے تو شاعر پر شعر بن کر۔
ایسا نہ ہوتا تو ہر شخص شاعر ہوتا۔ 
17 بابِ دعا : کوئی ایسے لمحات یا دور جس کے آنے کی خواہش ہو ؟
میں اپنی  زندگی ہی میں اپنی تحریروں سے لوگوں کے منفی اذہان  اور رویوں کو مثبت رخ پر بدلتے دیکھنے کی خواہشمند ہوں ۔
18۔ بابِ دعا ادب کے فروغ کے حوالے سے  کیا تجاویز  دیں گے؟
# معاشرے کی برائیوں کو اجاگر کیجیئے اور برے رسوم و رواج  کے خاتمے کے لیئے جہاد سمجھ کر لکھیئے۔ اپنی تحریروں کو صدقہ جاریہ جانیئے ۔ 
19۔ بابِ دعا کمپیوٹر کے آنے سے ادب پر کیا اثرات مرتب ہوئے ہیں؟
# سب سے برا اثر تو یہ پڑا کہ پہلے سو میں سے بیس لوگ کتاب خریدتے تھے اب دو خریدتے ہیں ۔ پڑھنے سے چڑ ہماری قوم کو پہلے بھی تھی اب تو وہ اس کی ضرورت ہی نہیں سمجھتے ۔ ہر ایک اپنے آپ کو بنا پڑھے ہی علامہ سمجھتا ہے ۔
اور اچھا اثر یہ پڑا ہے کہ دنیا بھر کا علم آپ کی ایک کلک پر موجود یے ۔ اب یہ آپ پر منحصر یے کہ آپ اس علم سے مستفید ہونا  چاہتے ہیں یا نہیں ۔
20۔ بابِ دعا:  نوجوان نسل کے لئے کوئی پیغام ؟
# اپنی زبان سے اپنے خاندان کا تعارف پیش کیا جاتا ہے ۔ سو منہ کھولنے سے پہلے اپنے خاندان پر ایک  نظر ڈال لیا کریں ۔ اور یاد رکھیئے
باادب بانصیب بےادب بےنصیب
شکریہ
دعّاعلی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/