ممتازملک ۔ پیرس

ممتازملک ۔ پیرس
تصانیف : ممتازملک

بدھ، 18 نومبر، 2015

زخم بھر جائیگا پر....

پیرس میں گذشتہ ہفتے ہو ے والے خونی واقعات نے صدمے اور حیرت دونوں ہی سے ساری دنیا کو دوچار کر دیا . حیرت یہ کہ اتنے بڑے مضبوط اور محفوظ ملک میں یہ سب کر نے کا کیا سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا ؟ اور صدمہ اس بات کا  کہ دنیا میں اب تک جہاں بھی ہمیں جانے کا موقع ملا ہے اور اس ملک فرانس کی شہری ہونے کے ناطے ہم یہ بات پورے وثوق کیساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اس قدر محبت کرنے والی قانون پسند ،نفیس،،صفائی پسند اور دھیمے مزاج کی مددگاراور ہمدرد قوم آپ نے شاید ہی کہیں دیکھی ہو گی. فرانس میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کو خصوصا بہت ہمدردیاں ملتی رہی ہیں . اور ان پر اعتماد بھی یورپ بھر میں  سب سے زیادہ فرانس ہی میں کہا گیا ہے . یہ بات  بہت ہی غور طلب ہے کہ جب بھی یورپ اور انگلینڈ میں مسلمانوں پر لوگوں کا اعتماد بحال ہونے لگتا ہے یا ان کے رویئے میں نرمی آنے لگتی ہے تو ساتھ کوئی نہ کوئی  ایسا واقعہ وقوع پذیر ہو جاتا ہے بلکہ کر دیا جاتا ہے کہ جس سے یہ  اعتماد پھر سے چکنا چور ہو جاتا ہے . آخر یہ سب کون کرتا ہے؟ ابھی پچھلے دنوں  جب انگلینڈ کے سابقہ وزیر اعظم کواپنے   ضمیر کے بوجھ سے چھٹکارا پانے کے لیئے یہ کہنا پڑا کہ  عراق پر کاروائی اور دوسرے مسلم ممالک پر فوجی بدمعاشی کے لیئے اور مسلم قتل عام کے لیئے جھوٹ بولاگیا تھا.تو وہ کون سی طاقت ہے  کہ جسے  یہ گوارہ نہ ہوا کہ اس بات کا اعتراف کر کے ان مظلوموں کے ذخموں پر مرہم رکھا جائے . مسلمانوں کے ممالک کو تباہ کرنے کے لیئے منظم صلیبی جنگ میں سب سے بڑا  بدمعاش یقینا امریکہ ہی ہے اور امریکہ کو کون نچاتاہے یہ کوئی ڈھکی چھپی بات ہر گز نہیں ہے . مسلمانوں کے نام سے تیار کیئے گیئے اور مسلم ممالک میں یہ بیس پچیس پچیس سال پہلے سے پلانٹ کیئے گیئے امریکی اور یہودی جاسوسوں نے بڑی ہی لمبی اننگ کھیلتے ہوئے ہمیشہ اپنے اہداف پر حملے کیئے ہیں
.بلکہ یہ کہنا بھی بیجا نہ ہوگاکہ دنیا بھر  کے امن کو تناہ کرنے کا ذمےدار  بہر  صورت امریکہ ہی ہوتا ہے .... اگر امریکہ کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو یہاں پر صدیوں پہلےمجرموںکو ہیلا لا کر آباد کیا جاتا تھا . یعنی کل تک یہ مجرموں کے لیئے "سرزمین سزا" تھی اور رفتہ رفتہ انہی مجرموں کی آ ہوں اور سسکیوں سے اب یہ دنیا بھر  کے لیئے" سرزمین بددعا" بن چکی ہے . امریکہ کی ترقی نما روشنی گویا جلتا ہوا سورج ہے . جو یہ نہ دیکھے اسے حرارت نہیں مل پاتی اور جو اسے غور سے دیکھ لے تو اندھا ہو جاتا ہے اور جو اسے چھو لے وہ جل کر بھسم ہو جاتا ہے . اسی کایہ کارنامہ ہے کہ دنیا بھر کا بد کردار،بدمعاش ،قاتل،بے دین اور نفسیاتی مریض ایک گروہ کی صورت اکٹھے کئے گئے اور ان سب کو برین واش کر کے دنیا بھر  میں مسلمانوں  کونشانہ بنانے انہیں قتل کرنے اور اکا دکا کاروائیاں یورپ انگلینڈ  اور امریکہ میں کروا کر انہیں مسلمانوں کے سر تھوپنے کے منصوبے پر لگا دیا گیا.  یوں مسلمانوں کے قتل عام کے لیئے ہر چار دن بعد ایک کہانی  گھڑی جاتی ہے . جبکہ  نہ تو طالبان کا تعلق کہیں  سے بھی اسلام سے ہے نہ ہی انہیں اسلام کی الف ب کا بھی پتہ نہیں ہے  اور نہ ہی داعش کے جانوروں کاکوئی تعلق کہیں بھی اسلام سے ہے کہ ان کا بھی نام مسلمان کی حد تک ہونے کے سوا اس دین کے ہزارویں حصے کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے. ورنہ ان کے نناوے فیصد مقتول اور مظلوم اور مشق  ستم مسلمانوں ہی پر کیوں ہوتے.
لیکن ہمیں امید ہے کہ اس خوفناک واقعہ سے فرانس کے عوام کو جس طرح اپنے پیاروں کےجنازے اٹھانے اور انہیں تڑپتے ہوئے دیکھنے کا خوفناک تجربہ ہوا ہے اس کی روشنی میں انہیں مسلم ممالک اور خصوصا پاکستان کے لوگوں کی تکلیفوں اور اذیتوں اور قربانیوں کو سمجھنے کا ایک بھرپور موقع ملا ہو گا . اللہ پاک فرانس کے لوگوں کے زخموں کو بھر دے . اور انہیں آئندہ ایسے حادثات سے اپنی امان میں رکھے . اور انہیں مسلمانوں کیساتھ ملکر دنیا سے دہشت اور بربریت کے خاتمے کی توفیق عطا فرمائے. کہ بے شک اللہ قرآن میں واضح فرماتا ہے کہ" اللہ زمین پر فساد برپا کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا. "
اور "جس نے کسی ایک جان کو نا حق قتل کیا اس نے گویا پوری انسانیت کو قتل کیا"
ہر روز جنازے ڈھو ڈھو کر پورا پاکستان  یہ بات جو دنیا کو سمجھانے کی کوشش کرتا رہا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،ایک مسلمان نام رکھنے سے کوئی مسلمان اور ہندو نام رکھنے سے کوئی ہندو نہیں ہو جاتا . صرف اس مذہب کو بدنام کرنے کا ایک سستا اور گھٹیا طریقہ ہے . ورنہ ان کا شکار ساری دنیا میں مرنے والے ہزاروں مسلمان کبھی نہ ہوتے. فرانسیسی عوام پاکستان کا درد اب اس لیئے بھی بہتر سمجھ سکیں گے کہ اس درد کی ایک لہر نے ان کے سینے پر بھی ایسا گھاو لگایا ہے جو بھر تو جائیگا لیکن ہمیشہ کے لیئے داغ چھوڑ جائے گا.
                    ..............

پیر، 16 نومبر، 2015

بوڑھا ہونے کا بھی وقت نہیں

صرف دس  پندرہ سال پیچھے کو جایئے .صبح چھ بجے اٹھنا . نماز پڑھنا سکول جانے کی تیاری کرنا  ناشتہ کرنا آٹھ بجے ساڑھے آٹھ بجے سکول لگنا ایک.ڈیڑھ بجے سکول سے چھٹی گھر آکر منہ ہاتھ دھو کر ماں کے ہاتھ کا بنا گرما گرم کھانا کھا کر ٹیوشن یا قرآن پڑھنے کو چلے جانا . چار بجے آ کر ٹی وی پر پسندیدہ کارٹون دیکھنا پھر ماں کے ساتھ کہیں آنا جانا یا ہاتھ بٹانا، ہوم ورک کرنا ،کھانا کھا کر نماز پڑھنا اور دس بجے تک سو جانا .
ماؤں  کا صبح چھ بجے آٹھ کر نماز کے بعد ناشتے کی تیاری،  سات بجھے انہیں کھلا پلا کر سکول بھیجنا، پھر دوپہر کے کھانے کی تیاری کرنا،سالن چڑھا کر آٹا گوندھ لینا اور سارے برتن دھو کر، کچن کی صفائی کے بعد گھر بھر کی صفائی ستھرائی، دھلائی پوچھا کرتے ہوئے سالن بھی تیار ہوا . بچوں کے سکول سے آنے تک توے  سے گرم گرم روٹی اتار کر ہاٹ پاٹ میں روٹی کے رومال میں لپیٹ کر رکھ دی گئی . بچوں کے آتے ہی انہیں کھانا کھلا کر مسجد یا ٹیوشن بھجوا کر ان کی چیزیں سمیٹیں ،برتن دھوئے اور لیجیئے جناب شام کے لیئے سالن موجود ہے تو بے فکری سے کہیں آنا جانا کیا، بازار کا چکر لگانا ہے تو وہ ہوا ،کبھی کسی کاسویٹر بنا جارہا ہے، کبھی برنیوں  میں آچار ڈال کر انہیں دھوپ میں رکھا اور ہلایا جا رہا ہے . کہیں جام جیلی تیار ہو رہے ہیں ، کسی کے پاس بچے ٹیوشن پڑھنے کے لیئے آ رہے ہیں . سارے کام رات کے کھانے کے وقت تک چلتے رہتے ہیں.
وقت اتنی تیزی سے گزر رہا ہے کہ اب توکسی کے پاس بوڑھا ہونے کا بھی وقت نہیں ہے شاید  .
اس بات کا خیال اس وقت آیا جب ایک جگہ بات کرتے ہوئے پہلے اور آج کے لوگوں کی زندگی اور طرز زندگی پر بات ہونے لگی  . کہ کل تک جب بیٹی یا بیٹے کی شادی کا موقع ہوتا  تھا تو سفید بالوں اور جھریوں کی آمد بھرے کھچڑی  چہرے کا تصور ذہن میں آتا ہے . باپ کمر جھکا ہوا بزرگ سا آدمی  اور نانی یا دادی تو اس بھی چار ہاتھ آگے دانت  ٹوٹے جھکی ہوئی کمر، لاٹھی ٹیکتی ہوئی عورت، نانا دادا تو آخری درجے کی تکالیف اور بیماریوں کا مجموعہ .
لیکن آج بیٹے یا بیٹی کے بیاہ پر ایک اور نوجوان جوڑا اس دلہا دلہن سے زیادہ دلکش دکھائی دے گا معلوم ہو گا کہ یہ ہے اس دلہا یا دلہن کے اماں ،ابا..... گود میں بچہ اٹھا کوئی جوان عورت نظر آئے پوچھا آپ کا بچہ ہے جواب نہیں یہ میرا پوتا یا نواسی نواسہ ہے . حالانکہ پہلے وقتوں میں بچوں کی شادیاں بھی بہت جلد کر دی جاتی تھیں . بیٹی چودہ پندرہ کی عمر میں اور بیٹا بیس بائیس میں بیاہ دیتے اس حساب سے سال بھر میں گود میں بچے ہوئے. ..اپنی بیٹی بیاہتے ہوئے وہ لڑکی جو ماں تھی تیس سال کی ہوتی اور لڑکابھی پینتیس تک کا تو انہیں زیادہ جوان نظر آنا چاہیئے تھا . جبکہ آج کی لڑکیاں جو بائیس سے چوبیس کی عمر میں بیاہی ان پچھلی ماوں سے زیادہ حسین اور جوان دکھائی دیتی ہیں
یہ کیسا عجیب راز ہے . کبھی کبھی تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پہلے لوگ جو زندگی سو سال میں جیا کرتے تھے وہ ہم آج کے تیز رفتار زمانے میں پچاس سال ہی میں جی چکے ہوتے ہیں اس لیئے جسمانی عمر تو پچاس سال ہی ہوتی ہے جو دکھتی بھی ہے لیکن نہ دیکھنے والے پچاس مزید سال اسی تیزی میں ہم جی چکے ہوتے ہیں . اور ہمارا دن ہمارا سورج چوبیس گھنٹے کا پھیر شاید بارہ گھنٹے میں ہی مکمل کر چکا ہوتا ہے . اسی لیئے زندگی  تو سو سال کی جی لیتے ہیں لیکن بدن پچاس برس ہی دیکھ پاتا ہے . جبھی تو بوڑھا ہونے کا وقت ہی نہیں ملتا......
                ..................

پیر، 2 نومبر، 2015

رنکل کماریاں کہاں جائیں ؟؟؟





رنکل کماری کیس
ممتازملک ۔ پیرس




پاکستان کو انتہاء پسندوں اوراسلام کا نام لیکر اور کتنا برباد کیا جائے گا . اس سال  2015 کے ابتدائی مہینوں میں  اقلیتوں کے حوالے سے ہونے والا ایک اور شرمناک واقعہ ہمارا سر جھکا گیا اور حکومتی سطح پر انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں . جب رنکل کماری نامی انیس سالہ طالبہ کو سندھ کے  علاقے میرپور ماتھیلو کا بااثر آدمی نوید شاہ  اپنے غنڈوں  کیساتھ مل کر ڈراتا دھمکاتا ہے  اغوا کرتا ہے. اس لڑکی کے والد اور گھر والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور  لڑکی کومسلمان بنا کر اس سے نکاح کا ڈرامہ رچاتا ہے .  لڑکی نے عدالت میں رو رو کر دہائی دی کہ اسےدارالامان  نہیں جانا اور نہ ہی مسلمان ہونا ہے اس سے بہتر ہے کہ اسے مار ڈالا جائے.
کسقدر شرم کا مقام ہے ہمارے لیئے،
کیا جس گلی میں یہ لڑکی رہتی ہو گی وہاں اور کوئی مسلمان یا انسان نہیں رہتاہو گا ؟ کیا اس شہر میں ، قصبے میں، کسی کو اس لڑکی کے ساتھ ہونے والی  ملک بھر میں ایسی ہیرو گیری اور اصل میں غنڈہ گردی  کی خبر نہیں ہوئی ہو  گی؟ وہاں اور کوئی اس سے باخبر نہیں ہوتا ہو گا ؟ ان میں سے کتنوں نے اس پر اس  ظلم کے خلاف آواز اٹھائی ہو گی؟ کتنوں نے ایسی لڑکیوں اور ان کے مذہب کی حفاظت کے لیئے اپنا کردار ادا کیا ہو گا ؟
کیا ایسی  کسی بھی ہندو ، سکھ، عیسائی یا کسی بھی غیر مسلم کے لیئے آواز اٹھانا بحیثیت مسلمان تو چھوڑیں بحیثیت انسان ہی اٹھانا ہم میں سے کسی کا فرض نہیں ہے ؟
گویا اس ملک کے قوانین اس قدر کمزور ہیں کہ ہر چار پیسے والا اسے اپنی لونڈی  بنا سکتا ہے. یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے لیکن اس کی روک تھام کے عملی اقدامات نہ کیئے گئے تو کوئی بھی ایسی واردات آخری نہیں ہو گی . اسلام اتنا مجبور دین  کب سے ہو گیا کہ اسے جبری مسلمان بھرتی کرنے کی ضرورت پڑ گئی ..ہمارہ دین تو وہ ہے کہ جس کے اپنی پہلی صلح اور پہلے مسلم اور کفار کے بیچ کے معاہدے میں یہ سب سے اہم شک بھی منظور کی تھی کہ ہمارا کوئی مسلمان کفار کے قبضے میں گیا تو وہ ہمیں اس کو واپس نہیں کرینگے ،جبکہ اگر کوئی کافر مسلمان ہوکے مسلمانوں کے پاس آگیا تو کفار کے مانگنے پر اسے انکے حوالے کر دیا جائیگا  .
یہ واقعہ اور اس طرح کے بہت سے واقعات نے اسلام کی عظمت اور سربلندی میں اپنا  کردار ادا کیا .حالانکہ وہ لوگ  بہترین انسان بھی تھے  اور بہترین  مسلمان بھی تھے. لیکن انہوں نے یہ پیغام دیا کہ ایمان میں کوئی ضد اور زبردستی نہیں .
یہ تو محبت کا سودا ہے جو انسان اپنی خوشی سے اور اپنی روح کی پکار پر کرتا ہے .
آج ہم پاکستان کو اسلام کو بدنام کر کے کس کی خدمت کر رہے ہیں ؟
ہم وہ لوگ ہیں جنہیں باہر سے کسی دشمن کی کوئی ضرورت نہیں . ہم خود ہی اپنی جہالت کے سبب اس کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں مصروف عمل رہتے ہیں .
جس معاشرے میں لوگ قانون کی پاسداری کرنے کے بجائے مذہب کے ایجنٹ کا کردار ادا کرنا اہم سمجھ  لیتے ہیں ان معاشروں میں ایسے واقعات  نہ حیران کرتے  ہیں نہ پریشان . ہمارے ہاں کس کے گھر میں کیا ہو رہا ہے . کون آیا ؟کیوں آیا ؟کس نے کیا کھایا؟ کیا پکایا؟ جیسے معاملات تو بے حد اہم ہو سکتے ہیں،کہ دیواروں سے کان جوڑ جوڑ کر اس کی سن گن لی جائے ، لیکن جہاں کسی غیر مسلم کی مدد کرنے یا اس پر ظلم ہونے کا سنتے ہیں تو گویا ہمیں سانپ سونگھ جاتا ہے . اور ہم مجرمانہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں . اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی اس حدیث پاک کو بلکل فراموش کر دیتے ہیں کہ" جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک کافر لڑکی کی پکار پر اسے بچاتے ہوئے اپنی چادر مبارک اس کے سر پر اوڑھا دی .  اور ایک آدمی نے کہا کہ  سرکار یہ تو کافر کی بیٹی ہے، تو رحمت اللعالمین نے فرمایا" بیٹی تو بیٹی ہوتی ہے کافر کی ہی کیوں نہ ہو".
آج ہم معاشرے میں دوسرے مذاہب کے لوگوں کی عبادات اور زندگی گزارنے کے حق کو سلب کر کے نہ صرف اللہ کے گناہگار ہو رہے ہیں بلکہ دنیا بھر میں رسوا بھی ہو رہے ہیں اور اپنے ملک سے یہ مذہبی حسن بھی تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں. مذہب  کے ٹھیکیداروں نے چاہے خود کبھی ایک دن میں بھی اپنے مذہبی  کیا انسانی فرائض بھی ادا نہ کیئے ہوں لیکن دوسروں سے گن پوائنٹ پر کلمہ پڑھوا کر جنت بٹورنے  کا شوق ہے کہ انہیں اپنے کالے کرتوت سفید کرنے پر اکساتا ہی رہتا ہے . کیا ہم نے مالی کرپشن کے بعد اب کردار کی کرپشن میں بھی اس دنیا کا ریکارڈ توڑنے کا ارادہ کر لیا ہے؟؟؟
اتنا ہی شوق ہے کسی کو مسلمان کرنے کا تو اپنے عمل سے ایک اچھے مسلمان کی مثال بنا کر اسے اپنے کردار سے اتنا متاثر کریں کہ دوسرا انسان اس دین کو اپنانے کے لیئے کشاں  کشاں  چلا آئے. اور ہمارا دین ہی ہمیں یہ حکم دیتا ہے کہ اپنی مملکت میں رہنے والے غیر مسلموں کی جان ،مال اور عزت کی حفاظت کریں . یہاں تک.کہ وہ ہم سے خوف نہ کھائیں بلکہ ہماری موجودگی سے تحفظ محسوس کریں . تبھی ہم ایک اچھے مسلمان کہلا سکتے ہیں .

شاعری / /مدت ہوئ عورت ہوۓ/ ممتاز قلم / سچ تو یہ ہے/ اے شہہ محترم/ سراب دنیا/ نظمیں/ پنجابی کلام/